برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد فیصل نے کہا ہے کہ ہمارے ہائی کمیشن کے عملے کی رہائش گاہوں کو بھی خطرہ ہے۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی عمارت پر حملے کے بعد پاکستانی ہائی کمشنر محمد فیصل نے میڈیا بریفنگ میں ہائی کمیشن عملے کی رہائشگاہوں پر بھی حملوں کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی پولیس کو بھی حملوں کے خطرے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
محمد فیصل نے کہا کہ ہائی کمیشن پر حملہ ہمارے لیے قابل تشویش ہے اور برطانوی دفتر خارجہ کے ساتھ ہائی کمیشن پر حملے کا معاملہ اٹھایا ہے۔ برطانوی حکومت سے اپیل ہے کہ ذمہ داران کو پکڑ کر سزا دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائی کمیشن پر حملہ آور پتھر ساتھ لے کر آیا تھا۔ اس نے ہیڈ آفس کے دفتر کو نقصان پہنچایا۔ فون کرنے پر پولیس بھی فوری پہنچی۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ پولیس کی جانب سے اب تک حملہ آور کی شناخت نہیں بتائی گئی ہے۔ ہائی کمیشن کو سیکیورٹی فراہم کرنا برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ آج لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت پر ایک شخص نے حملہ کیا۔ پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔