تازہ ترین

کرونا وائرس: سعودی عرب میں پاکستانی شہری روبصحت

ریاض: سعودی عرب میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا ہے کہ 6 پاکستانی کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جنہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، تمام افراد کی حالت مستحکم ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ نے مملکت میں 6 پاکستانیوں کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے اور ان تمام کی حالت مستحکم ہے۔

قونصلیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کو ینبع میں ایک پاکستانی کے کرونا میں مبتلا ہونے کا پتہ چلا ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہے، اس کی بھی حالت اب بہتر ہے۔

قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے مریض پاکستانیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ابھی تک کسی مقیم پاکستانی نے طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے سفارتخانے یا قونصلیٹ سے کوئی رابطہ کیا اور نہ کوئی شکایت سامنے آئی ہے۔

خالد مجید نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ مملکت میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں میں امتیاز نہیں برتا جائے گا اور سب کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ مملکت میں رکے ہوئے 300 عمرہ زائرین میں سے فی الحال کوئی بھی کرونا وائرس میں مبتلا نہیں، پوری کوشش ہے کہ زائرین جلد اور بحفاظت واپس جائیں۔

خالد مجید کے مطابق اس وقت صرف وہی زائرین رکے ہوئے ہیں جو بجٹ ایئر لائنز سے گروپوں کی شکل میں پہنچے تھے، پوری کوشش ہے کہ خصوصی فلائٹس کے ذریعے انہیں روانہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری پاکستانی کمیونٹی سے استدعا ہے کہ وہ پر سکون رہیں، احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اس سلسلے میں سعودی حکام کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔

Comments

- Advertisement -