کراچی : بچوں کے دل کےعلاج کیلئے بھارت جانے والی فیملی پاکستان واپس پہنچ گئی، بچوں کے والد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ بچوں کے علاج کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق پہلگام واقعے پر پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان سے دل کے آپریشن کے لیے بھارت جانے والے دو بچے واپس آگئے۔
یکم اپریل کو پاکستان سے دو بچوں کو والد بھارت لیکر پہنچا تھا، بچوں کے ٹیسٹ کے لئے گئے تھے اور اسپتال میں آپریشن کے لئیے داخل کرلیا گیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان کے ساتھ کشیدگی پر دونوں بچوں کو بغیر آپریشن بھارت سے نکال دیا،دونوں بچوں کو لیکر والد پاکستان واپس آگئے، دونوں بچوں کے دل کی سرجری بہت اہم تھی۔
بچوں کے والد شاہد علی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ بھارت سےعلاج کرائے بغیر واپس آئے ہیں، ڈاکٹرز کہہ چکے ہیں کہ بچوں کے علاج میں پہلے ہی دیرہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں : بھارت کی شرمناک حرکت، دل کے آپریشن کیلئے جانیوالے 2 پاکستانی بچوں کو واپس بھیج دیا
شاہد علی نے حکومت سے اپیل کی کہ بچوں کے علاج کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
یاد رہے 22 اپریل کو پہلگام کے قریب ایک سیاحتی مقام پر مسلح افراد کے حملے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد بھارت اس حملے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کرتے ہوئے مختلف سخت اقدامات کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں پاکستانی حکومت کی جانب سے بھی ردعمل میں ایسے ہی اقدامات کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی عروج پر ہے ، بھارت اور پاکستان کے درمیان لائن پر کنٹرول پر ہائی الرٹ ہیں۔