اسلام آباد : عوامی مشکلات سے بے نیاز وزرا اور اور وزرائے مملکت نے سرکاری غیرملکی دوروں پرساڑھے 6 کروڑ روپے اڑا ڈالے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عوام تاریخی مہنگائی کی شدید مشکلات سے لڑ رہے ہیں، لیکن عوام کے نمائندے غیرملکی شاہانہ دوروں میں مصروف ہیں۔
قومی اسمبلی میں وزرا اور وزرائے مملکت کے سرکاری غیرملکی دوروں کی رپورٹ پیش کی گئی۔
جس میں بتایا گیا جکہ گزشتہ برس 25 وزرا اور وزرائے مملکت نے سرکاری غیرملکی دوروں پر ساڑھے 6 کروڑ روپے پھونک ڈالے۔
عوامی مشکلات سے بے نیاز پچیس وزرا اور وزرا مملکت ایک کے بعد ایک بیرون ملک شاہانہ دورے کرتے رہے۔
وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نمبر ون پر ہے ، انھوں نے غیرملکی دوروں پر ایک کروڑ چار لاکھ روپے اڑائے۔
ماحولیات کی وزیرشیری رحمان نے 49 لاکھ ، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل 45 لاکھ ، اسحاق ڈار نے مختصرمدت میں 24 لاکھ 19 ہزار، وزیر دفاع خواجہ آصف نے 31 لاکھ ، وزیرتوانائی خرم دستگیر نے 26 لاکھ روپے بیرونی دوروں پر پھونکے۔
بہتی گنگا میں وفاقی وزیرمواصلات اوروزیراطلاعات نے بھی خوب ہاتھ دھوئے، اسعد محمود نے 18 لاکھ اور مریم اورنگزیب نے ساڑھے 6 لاکھ روپے اڑائے۔