کراچی : کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف پوری پاکستانی قوم یک زبان ہے، شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں اور بھارت کو سخت پیغام پہنچادیا گیا جبکہ قبائلی عمائدین نے سرحدوں کی حفاظت کیلئے فوج کے شانہ بشانہ رہنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی جارحیت کے خلاف کراچی تا خیبرنعرے گونج اٹھے، بھارتی دھمکیوں کے خلاف قبائلی عوام بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، جمرود میں قبائلی عمائدین کا جرگہ، سبز ہلالی پرچموں سے بھرا پنڈال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
خیبر ایجنسی میں بھی عمائدین نے ملکی سالمیت پر فوج کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، پشاور کے شہری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور فوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے سڑکوں پر نکل آئے، نوجوانوں نے مشکل وقت میں فوج کے ساتھ ڈٹے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔
چمن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی اور ساتھ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم کا اظہار کیا گیا، شرکاء نے نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی کی۔
قبائلی عمائدین نے مودی سرکار کو خبردار کیا کہ اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو نئی دہلی میں سبز ہلالی پرچم لہرا دیں گے۔
ژوب میں بھی سول سوسائٹی اورقبائل نے بلوچستان میں”را”کی مداخلت اور مودی کے بیانات کیخلاف مظاہرہ کیا، مودی کے پتلوں پر تھپڑوں کی بارش اور بھارتی پرچم نذر آتش کیا گیا۔
خانپور میں بھی بھارت کے جارحانہ عزائم کیخلاف عوام کے حوصلے بلند ہیں، شہریوں نے بھارت کے مقابلے کیلئے ڈنڈا فورس بنالی۔
لاہور میں پریس کلب کے باہر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پُتلا نذر آتش کیا گیا، مظاہرین نے مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
مظفرآباد میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کیخلاف ریلی نکالی گئی اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ، سشما سوراج اور بھارتی فوجی سربراہ کی تصاویر والا بینرز نذر آتش کیا، ریلی امبور کیمپ سے شروع ہو کر کوہالہ سڑک پر اختتام پذیر ہوئی ریلی میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نےشرکت کی۔
شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر ز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارت کیخلاف نعرے درج تھے، اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے، اقوام عالم بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور مظالم رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔