مانچسٹر: ڈربی میں موجود قومی ٹیم کے اسپنر کاشف بھٹی کو انگلش کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کاشف بھٹی کے دو ٹیسٹ منفی آچکے ہیں، انگلینڈ پہنچنے پر ان کا ایک ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں احتیاطی تدابیر کے طور پر سیلف آئسولیشن میں رکھا گیا تھا، کاشف بھٹی اب اسکواڈ جوائن کرسکتے ہیں۔
ای سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کاشف بھٹی کا کرونا ٹیسٹ پہلی انفیکشن کی باقیات کے سبب مثبت آیا تھا، پبلک ہیلتھ اور ایک وائرالوجسٹ کی ہدایت پر کھلاڑی کو سیلف آئسولیشن میں رکھا گیا تھا۔
کاشف بھٹی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی کا کہنا تھا کہ کاشف بھٹی کا معاملہ ای سی بی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، ان کو دو ٹیسٹ منفی آنے پر انگلینڈ بھیجا گیا تھا ان کا ایئر لائن کے لیے کرایا جانے والا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ سیریز کے پروٹوکول کے مطابق انگلینڈ کے بائیو سیکیور ماحول کے تمام تر انتظامات کا دائرہ اختیار انگلش کرکٹ بورڈ کا ہے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ میں موجود ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 5 اگست سے کھیلا جائے گا۔