کراچی: پیرس میں ٹیکس ورلڈ اپیرل سورسنگ اختتام پذیر ہو گئی، پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کو بڑے آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس میں ٹیکس ورلڈ ایکسپو میں 30 سے زائد پاکستانی ٹیکسٹائل اور لیدر مصنوعات بنانے والی کمپنیوں نے شرکت کی، پاکستانی کمپنیوں نے فیبرک، گارمنٹس اور لیدر کی مصنوعات نمائش میں رکھیں۔
نمائش میں 26 ممالک سے 1,350 نمائش کنندگان اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوئے، پاکستانی لیدر اور ٹیکسٹائل مصنوعات کے پویلین نے میں غیر ملکی خریداروں نے دورہ کیا۔
یورپی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی پاکستانی پویلین میں فیبرک اور ایپرل مصنوعات میں کافی دل چسپی دکھائی، ٹریڈ ڈیولپمنٹ کے تحت لگائے گے پویلین میں پاکستانی اسٹالز پر برطانیہ، امریکا، ترکی، جرمنی، فرانس اور دیگر یورپی اور وسطی ایشیائی ممالک سے تجارتی نمائندوں نے معلومات حاصل کیں۔
پاکستانی تاجر تنویر افضل ملک نے کہا کہ ہمیں بہت اچھا رسپانس ملا اور مخلتف ممالک سے آئے ہوئے بہت سے خریداروں نے معلومات حاصل کی ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ ہم ان کے ساتھ اچھا کاروبار کریں گے، ہمیں بہت سے ورلڈ فیشن برانڈز سے مثبت فیڈ بیک ملا ہے۔
تاجر عبدالحق زاہد نے کہا ٹیکس ورلڈ نمائش سے بہت مطمئن ہیں، خریداروں نے ہماری مصنوعات میں دل چسپی ظاہر کی ہے۔