کراچی: امریکا سے بے دخل کیے جانے والے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا معاملہ حل ہو گیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق امریکا سے بے دخل کیے جانے والے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے سی اے اے نے خصوصی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے، چارٹرڈ فلائٹ 8 پاکستانیوں کو امریکا سے وطن واپسی لے کر آئے گی۔
یہ چارٹرڈ فلائٹ 20 جنوری کو چیک ریپبلک کے راستے صوفیہ سے اسلام آباد پہنچے گی، اس فلائٹ کے لیے درخواست اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے نے کی تھی۔
درخواست پر کارروائی کے لیے وزارت خارجہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت نامہ جاری کرنے کا کہا تھا، جس پر سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
سی اے اے کے جاری اجازت نامے کے مطابق خصوصی پرواز کے عملے کو ایئر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی، چارٹرڈ طیارے اور عملے کو کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازمی ہوگا، اور چارٹرڈ فلائٹ مسافروں کو اتارنے کے فوراً بعد واپس روانہ ہو جائے گی۔