بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

35 سال تک کوئی چھٹی نہ کرنے والے ملازم کے لیے بڑا انعام

اشتہار

حیرت انگیز

امریکا کی یونائیٹڈ ایئر لائنز نے اپنے ایک طیارے پر اپنے ایک پاکستانی نژاد ملازم کا نام تحریر کردیا، ملازم کو یہ اعزاز دیے جانے کی وجہ دوران ملازمت 35 سال تک ان کا چھٹی نہ کرنا اور وقت سے دفتر پہنچنا تھا۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سے تعلق رکھنے والے شہری محمد ذہین امریکا کی یونائیٹڈ ایئر لائنز میں گزشتہ 35 سال سے ملازمت کر رہے ہیں، ان 35 سالوں میں وہ کبھی اپنے دفتر تاخیر سے نہیں پہنچے اور نہ کبھی چھٹی کی۔

اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کے دوران محمد ذہین نے اپنے طویل پیشہ وارانہ سفر کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ وقت کی پابندی کی یہ عادت بچپن سے ان کے اندر تھی، ان کی والدہ انہیں اور ان کے بہن بھائیوں کو صبح بیدار کرتے ہوئے کہتی تھیں کہ نماز کے لیے نہیں اٹھو گے تو ناشتہ نہیں ملے گا۔

والدہ کی اس پابندی کی وجہ سے وہ بچپن سے ہی ڈسپلن کے عادی ہوگئے۔

انجینیئرنگ کرنے کے بعد وہ پہلے لیبیا گئے، وہاں سے لندن، اور پھر سوئیڈن گئے جہاں انہوں نے گاڑیوں کی کمپنی میں ملازمت کی، اور پھر وہاں سے امریکا چلے گئے جہاں انہیں یونائیٹڈ ایئر لائنز میں ملازمت مل گئی۔

محمد ذہین کا کہنا تھا کہ پہلے سال تاخیر سے نہ آنے اور چھٹی نہ کرنے پر انہیں ایوارڈ دیا گیا اور پورے دفتر نے ان کی تعریف کی جس سے ان کا بے حد حوصلہ بڑھا۔

اس کے بعد یہ ان کی عادت بن گئی، ہر سال انہیں دفتر کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا جاتا رہا۔

35 سال مکمل ہونے پر انہیں دفتر کی جانب سے پیشکش کی گئی کہ کمپنی کی جانب سے انہیں 10 دن کے لیے اہل خانہ سمیت دنیا کے کسی بھی سیاحتی مقام پر بھیجا جائے، لیکن محمد ذہین نے یہ پیشکش شکریے کے ساتھ مسترد کردی۔

اس کی جگہ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ طیارے پر ان کا نام تحریر کیا جائے۔

محمد ذہین کا کہنا تھا کہ ان کی اس فرمائش کے پیچھے یہ خواہش تھی کہ دنیا میں جہاں بھی وہ طیارہ جائے، لوگوں کو علم ہو کہ اس پر لکھا نام پاکستانی ہے، ساتھ ہی ایک پاکستانی شخص کی محنت اور کام سے خلوص کا ثبوت بھی دنیا بھر میں پہچانا جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں