نیویارک : اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں کہ غزہ میں فوری جنگ بندی ہو۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستانی مندوب منیراکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز فلسطینی معصوم شہریوں پر حملےکررہی ہے اور نہ صرف رہائشی عمارتوں بلکہ اسپتالوں پر بھی بم برسارہی ہے۔
منیراکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین پر اسرائیلی جارحیت مذمت کرتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ غزہ میں فوری جنگ بندی ہو اورجلد سے جلد فلسطینیوں کیلئے امداد کی ترسیل شروع کی جائے۔
پاکستانی مندوب نےکہا اسرائیلی فورسزکےنہتےاورمعصوم فلسطینیوں پرحملےجنگی جرائم ہیں ، اسرائیل فلسطینیوں کےحقوق بری طرح پامال کررہا ہے، جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارےمیں اسرائیلی بمباری بندہونی چاہیے ، فلسطینی شہریوں کاتحفظ یقین بناناہوگا، عرب لیگ اوراوآئی سی کا مطالبہ ہے کہ فوری جنگ بندی کی جائے۔
خیال رہے اسرائیل کی بحری اور فضائی فوج نے رات بھر غزہ پربم برسائے ، جس میں کثیر منزلہ عمارتیں، گھر نشانہ بنے، شمالی اور وسطی غزہ میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔
پانی، ایندھن اور بجلی کے بعد فون اور انٹر نیٹ سروسز بھی بند کردی گئی ہے، جس کے باعث زمینی صورتحال اور اموات کی تعداد سامنے نہ آسکی، ایک رات میں ہزاروں افراد کے شہید ہونے کا خدشہ ہے۔