اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان کا افریقا سے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے، حکومتی پالیسی سے افریقا سے تجارتی حجم 6 سال میں دوگنا ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے افریقی ممالک کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے پاکستان،افریقا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
رزاق داؤد نے کہا کہ افریقا کو چاول، انجینئرنگ، فوڈز، بجلی کے آلات برآمد کیے جاسکتے ہیں، دوا سازی، کھیلوں کا سامان، سرجیکل آلات، کٹلری کی برآمد ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی سے افریقا سے تجارتی حجم 6 سال میں دوگنا ہوجائے گا، پاکستان کا افریقاسے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے۔
افریقہ مستقبل کا برصغیر ثابت ہوگا، وزیرخارجہ
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت خارجہ میں افریقی ممالک کی 2 روزہ سفرا کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افریقی ملکو ں کی شرح نموں میں اضافہ ہو رہا ہے، افریقہ مستقبل کا برصغیر ثابت ہوگا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افریقہ کا 2 ٹریلین ڈالر سے زائد کا جی ڈی پی ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ افریقی ممالک سے حکومتی، عوامی رابطوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔