اتوار, جنوری 19, 2025
اشتہار

پاکستان کی ’’بیٹی‘‘ فوزیہ جنجوعہ امریکا میں ٹاؤن میئر منتخب

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان نژاد امریکی خاتون فوزیہ جنجوعہ امریکی ریاست نیو جرسی کے ایک ٹاؤن کی میئر منتخب ہو گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان کے شہر چکوال میں پیدا ہونے والی فوزیہ جنجوعہ نے امریکا کی ریاست نیو جرسی کے ٹاؤن ماؤنٹ لارل سے میئر منتخب ہو کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ نیو جرسی اسٹیٹ کی خاتون رُکنِ اسمبلی و امیدوار برائے کانگریس کیرول مرفی نے فوزیہ جنجوعہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

فوزیہ نے اپنے ہاتھ میں قرآن پاک اٹھا کر ماؤٹ لارل کے ٹاؤن شپ ہال میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں آئیں۔ تقریب میں ان کے شوہر اور چاروں بیٹوں نے بھی شرکت کی۔

- Advertisement -

فوزیہ جنجوعہ نے حلف اٹھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تاریخ کی پہلی پاکستانی اور مسلمان خاتون کے طور پر میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور یہ مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کے لیے فخر کی بات ہے۔

فوزیہ جنجوعہ جو تعلیم کے شعبے سے بھی وابستہ رہی ہیں ان کے والد ادریس جنجوعہ کا تعلق پنجاب کے ضلع چکوال سے ہے۔

ایک غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں فوزیہ نے بتایا کہ ان کے والد کا تعلق چکوال اور والدہ لاہور سے ہیں۔ ان کے والدین 70 کی دہائی میں امریکا آگئے تھے اور یہیں انکی پیدائش ہوئی۔ انہوں نے امریکا میں ہی تعلیم حاصل کی اور ابتدا سے ہی عوامی خدمت کا شوق رہا ہے۔

نو منتخب میئر اپنے اس شوق کی تکمیل کے لیے غریب و نادار بچوں سمیت قیدیوں کو پڑھاتی رہی ہیں اور انہوں نے ایک غیرسرکاری تنظیم بھی قائم کی جس کے تحت کمیونٹی سروس میں فعال کردار ادا کیا ہے۔

سماجی خدمت کی شوقین فوزیہ جنجوعہ کی سیاست میں آمد اتفاقیہ ہوئی۔ وہ کہتی ہیں کہ ہماری ریاست کے گورنر کے ہاں ایک پارٹی ہو رہی تھی جہاں میری ملاقات ایک خاتون سے ہوئی۔ مجھے اُس خاتون نے بتایا کہ آپ میں صلاحیت ہے اور آپ اس شہر کی قیادت کر سکتی ہیں۔

فوزیہ جنجوعہ نے بتایا کہ مجھے بار بار کہا گیا کہ میں سیاست میں آؤں تو میں نے حامی بھر لی۔ ہم نے کورونا وبا کے دوران انتخابی مہم چلائی اور میں منتخب ہو گئی۔ 36 برسوں بعد پہلی بار کوئی ڈیموکریٹ رُکن اس کاؤنٹی کی کونسل میں شامل ہوا تھا اور میں تاریخ میں پہلی پاکستان خاتون تھی جس نے یہ اعزاز اپنے نام کیا، جس کے بعد میں ٹاؤن کی پہلی خاتون اور پاکستانی نژاد ڈپٹی میئر بھی بنیں جس کے بعد انہوں نے مسلمانوں کے مثبت امیج کو دنیا کے سامنے لانے کے حوالے سے بھی کام کیا۔

ضلع چکوال میں جب فوزیہ جنجوعہ کے میئر بننے کی خبر پہنچی تو اہل علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ان کے چچا شوکت جنجوعہ جو ان دنوں امریکا سے  پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چکوال کی بیٹی ہے اور یہ صرف میرے یا چکوال کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ اس کی بیٹی امریکا میں اتنے اہم منصب تک پہنچی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں