اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ کٹ کی منظوری دے دی ، فواد چوہدری نے اس کامیابی پر نسٹ آفیشلز اور سائنسدانوں کو مبارک باد دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہم نے ایک اورسنگ میل عبورکرلیا، ڈریپ نے پاکستان کی پہلی کووڈٹیسٹنگ کٹ کی منظوری دیدی،اس کامیابی پر نسٹ آفیشلزاور ہمارے بہترین سائنسدانوں کومبارکباددیتاہوں، آپ لوگوں نے ہمیں فخر کا موقع فراہم کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کووڈ ٹیسٹنگ کٹ کی مدد سے کورونا کے لیے ہونے والے ٹیسٹ کی لاگت میں نمایاں کمی واقع ہوگی جس سے ہم درآمدات سے بھی بچ سکیں گے۔
Another landmark achieved…. DRAP has approved Pakistan first COVID testing kit, Congratulations to @Official_NUST and our brilliant scientists …you people have made us proud … this ll bring significant cost reduction of COVID tests also ll save huge import bill
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 12, 2020
یاد رہے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ نسٹ نے کورونا کٹس بنا کر ڈریپ کو بھیجیں، ڈریپ کی منظوری کے بعد کٹس استعمال کرنے کے قابل ہوجائیں گے اور چند ہفتے میں ہم ڈیڑھ لاکھ کٹس بنا سکیں گے۔
بعد ازاں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز کے حتمی ٹرائلز ہو رہے ہیں، ہم آج سینیٹائزر ایکسپورٹ کرنے کی پوزیشن میں ہیں،ہمیں پاکستانی اداروں اور پروفیشنلز پر فخر ہونا چاہیے، ماسک ہم اپنے بنا رہے ہیں،این 95 ماسک بنانے کے بہت قریب ہیں، ڈاکٹرز کے دستانے، ڈاکٹرز کے لباس ہم نے اپنے بنائے ہیں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 933 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 107 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 463 ہوگئی ہے۔