اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا کولیشن سپورٹ فنڈز کی مد میں پیسہ دیتا تھا، یہ ہمارا پیسہ ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خرچ ہوا، امریکا نے یہ فنڈز پچھلی حکومت ہی میں معطل کر رکھے ہیں۔
انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا ’امریکا امداد نہیں بلکہ اتحاد سپورٹ فنڈز کی مد میں یہ رقم دے رہا تھا، موجودہ حکومت کے آنے سے پہلے ہی امریکا نے فنڈز معطل کر رکھے ہیں۔‘
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیرِ خارجہ 5 ستمبر کو پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں، امریکا کے ساتھ عزت و احترام کے دائرے میں تعلقات بڑھائیں گے، امریکی مؤقف سنیں گے اور پاکستان کا مؤقف سامنے رکھیں گے۔
[bs-quote quote=”امریکی وزیرِ خارجہ 5 ستمبر کو پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں، امریکا کے ساتھ عزت و احترام کے دائرے میں تعلقات بڑھائیں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں پاک امریکا تعلقات تقریباً تعطل کا شکار رہے، اب امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔
وفاقی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کو جی ایچ کیو میں پاکستان کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی، اس دورے میں مثبت اور عمدہ گفتگو ہوئی، پاکستان کو در پیش مسائل و دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں: امریکا کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں پاکستان کو 55کروڑ ڈالر فراہم کرے گا
انھوں نے جلال آباد میں قونصل خانے کی بندش سے متعلق کہا کہ قونصل خانے کو از خود بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سیکورٹی خدشات کے پیش نظر افسران کی حفاظت کے لیے یہ قدم اٹھایا، افغان حکام سے بھی بات ہوئی ہے وہ اس سلسلے میں اقدامات کر رہے ہیں۔ افغان وزیرِ خارجہ کل صبح رابطہ کریں گے تو اس معاملے پر مزید بات ہوگی۔
شاہ محمود قریشی نے تیل اسمگلنگ والے واقعے پر کہا ’نائجیرین حکام نے اسٹنگ آپریشن کر کے ایک جہاز پر کارروائی کی، اس جہاز سے تیل اسمگل کیا جا رہا تھا، 2 پاکستانی بھی اس میں کام کر رہے تھے، ہم نائجیرین حکام سے رابطے میں ہیں اور اس معاملے کی مزید تفصیلات لے رہے ہیں۔‘