امریکی شہر فلاڈیلفا میں کھیلی گئی یو ایس اوپن انڈر 19 اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیت لیا۔
پاکستان آرمی کے نوجوان اسکواش کھلاڑی حذیفہ ابراہیم نے فائنل میں امریکا کے رشی سری واستو کا مقابلہ کیا اور شاندار کھیل پیش کیا۔ حذیفہ نے پہلا گیم 5-11 سے جیت لیا جبکہ دوسرے گیم میں سخت مقابلے کے بعد رشی سری واستوو نے 11-13 سے کامیابی حاصل کی۔
سنسنی خیز مقابلے بعد امریکی کھلاڑی واستوو نے دو گیمز 5-11 اور 5-11 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا اور حذیفہ کو دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر چاندی کا تمغہ دیا گیا۔
مذکورہ چیمپئن شپ میں 30 ممالک کے 128 کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی اور حذیفہ ابرہیم مسلسل 6 میچز جیت کر فائنل میں پہنچے تھے۔ جہاں انہوں نے اپنی بے مثال کارکردگی کی بدولت چاندی کا تمغہ جیت کر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔