اسلام آباد : پاکستان میں مہنگائی تقریباً 3 سال بعد سنگل ڈیجٹ پر آگئی، افراط زر میں اضافے کی شرح 9.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح مزید کمی کے بعد سنگل ڈیجیٹ پر آگئی۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی ، جس میں بتایا کہ اگست 2024 میں مہنگائی 9.6 فیصد پرآگئی، اکتوبر 2021 کے بعد پہلی بار ملک میں افراط زر کی شرح سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کی گئی۔
جولائی 2024 میں افراط زر 11.1 فیصد اور اگست 2023 میں میں شرح 27.4 فیصد پرتھی تاہم اب اگست میں افراط زر چونتیس ماہ کی کم ترین سطح پررہی۔
دو ماہ میں افراط زر کی شرح 10.36 فیصدرہی جبکہ 2023 کے دو ماہ میں شرح 27.84 فیصد پر تھی۔
شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 11.7 فیصد، دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 6.7 فیصد رہی جبکہ شہری علاقوں میں فوڈانفیلشن 4.1 فیصد اور دیہی علاقوں میں فوڈانفیلشن 1.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
وزیراعظم نے مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پرآنےکی رپورٹ پراظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کےفضل و کرم سےحکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لارہی ہے، افراط زر کی شرح کا9.6 فیصدپرآناحکومتی اقدامات کی عکاس ہے، اس کاسہرامعاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افراط زر میں کمی وزارت خزانہ کی آؤٹ لک رپورٹ پیشگوئی کےمطابق ہے، ستمبرمیں مزیدافراط زرکمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سےکم نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجٹ پر چھوڑ کر گئے تھے، ہم نےسیاست کی قربانی دےکرمعیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔