کراچی: عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کی جانب سے موصول ہونے والی قرض کی قسط کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی جس میں 27 اگست 2021 تک کے اعداد و شماری شامل کیے گئے ہیں۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آئی ایم ایف کی جانب سے 2 ارب 75 کروڑ اور 18 لاکھ ڈالرز قرض کی قسط موصول ہوئی جبکہ اس دوران بیرونی قرض کی مد میں 18 کروڑ چالیس لاکھ ڈالرز کی رقم ادا کی گئی۔
ترجمان کے مطابق قرض ادائیگی کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر میں 2 ارب 56 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 20 ارب 14 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اس دورانیے میں کمرشل بینکوں کے ذخائر 4.20 کروڑ ڈالر اضافے سے 7 ارب 8 کروڑ 21 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئے، جبکہ مجموعی ملکی ذخائر 2.60 ارب ڈالر اضافے سے 27ارب 22 کروڑ ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔