اسلام آباد: سینیٹ کمیٹی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی.
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کمیٹی کی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت خصوصی اہمیت ختم کرنے کا فیصلہ فوری واپس لے، اس سے خطے کی سلامتی اور امن کو شدید خطرہ ہے.
قرار داد میں کہا گیا کہ یہ ایوان بھارتی جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کرتا ہے، جموں کشمیر اقوام متحدہ میں متازعہ معاملہ ہے.
قرار داد کے مطابق بھارت نے عالمی قواتین توڑے ہیں، حکومت پاکستان اس معاملے پر پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دے.
سینیٹ کی اس قرار داد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنلائز کرنے کے لئے ایکشن پلان بنایا جائے،انسانی حقوق خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے سفارت کاری مؤثرثابت ہوگی.
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر، 24سے زائد حریت کارکنوں کو گرفتار کر کے آگرہ منتقل کردیا
قرار داد میں واضح کیا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کے اقدامات خطے اور ملکی قومی مفاد کے خلاف ہیں، جو ہر صورت قابل مذمت ہیں.
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت کرفیو نافذ ہے.قابض انتظامیہ نے دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف مقبوضہ علاقے میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے 24سے زائد حریت کارکنوں کو گرفتار کر کے سرینگر سے آگرہ منتقل کردیا ہے ۔