لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے 10 کھلاڑی 4 نومبر کو ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے لیے آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے لیے قومی ٹیم کے 10 کھلاڑی 4 نومبر کو آسٹریلیا روانہ ہوں گے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
آسٹریلیا روانہ ہونے والے کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی، عابد علی، اسد شفیق، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آسٹریلیا روانگی سے قبل لاہور اور کراچی میں اوپن میڈیا سیشنز میں شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں: شاہینوں کی کینگروز پر جھپٹنے کی تیاریاں
واضح رہے کہ قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں موجود ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 3 نومبر، دوسرا 5 اور تیسرا اور آخری ٹی ٹوینٹی 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹی 20 کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 نومبر کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم نے گزشتہ روز پریکٹس میچ میں آسٹریلیا الیون کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔