منگل, جنوری 21, 2025
اشتہار

پاکستانی فلمیں اور ‘آئٹم گرل’

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان اور بھارت میں فلمی پردے پر ‘آئٹم نمبر’ اور کسی ‘آئٹم گرل’ کا سہارا لے کر فلم بینوں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش نئی بات نہیں۔ ہیرو اور ہیروئن پر فلمائے گئے گانوں کے علاوہ فلم کی کہانی سے ہٹ کر شوخ گیت پر کسی حسینہ کا ڈانس فلم بینوں میں بہت مقبول رہا ہے۔

اگر بات کریں پاکستانی فلموں کی تو ایسے چند نام ہماری فلمی تاریخ کا حصہ ہیں جنھوں نے اپنی اداؤں اور والہانہ انداز میں رقص کا مظاہرہ کرکے خوب شہرت حاصل کی۔ یہ پاکستانی فلموں میں آئٹم نمبرز کرنے والی وہ ڈانسر ہیں جنھیں اپنی پرفارمنس پر بیہودگی یا فحاشی کا الزام بھی سہنا پڑا۔ خاص طور پر پنجابی فلموں کی مقبولیت کی ایک وجہ یہ مجرے یا کلب ڈانس ہوا کرتے تھے جن میں پیشہ ور رقاصائیں یا طوائف کو ناچتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔

رخشی نے مجرا گیتوں پر اپنی پرفارمنس کی بدولت بہت شہرت پائی اور لگ بھگ چالیس سے زائد فلموں میں آئٹم نمبرز کیے۔ وہ بہت خوب صورت اور بہترین رقاص بھی تھی۔ اس نے فلم ڈائریکٹر (1951) سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پچاس کے عشرے کی مقبول ترین ڈانسر بن گئی۔ فلم دلا بھٹی (1956) میں رخشی پر فلمایا ہوا گلوکارہ منور سلطانہ کا یہ گیت بہت مشہور ہوا تھا، پیار کر لے، آجا پیار کر لے ، پیسے نئیں جے کول تے ادھار کر لے۔

- Advertisement -

ایمی مینوالا کا تعلق پارسی مذہب سے تھا جو پاکستان کی مشہور رقاصہ تھی۔ ایمی مینوالا نے فلم سوہنی (1955) سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور لگ بھگ 50 فلموں میں نظر آئی۔ فلم باجی (1963) میں ایمی مینوالا پر فلمایا ہوا نسیم بیگم کا یہ گیت آج بھی ایک نسل کے لیے بڑی کشش رکھتا ہے، جس کے بول ہیں، چندا توری چاندنی میں ، جیا جلا جائے رے۔۔۔

کلاسیکی رقص کی ماہر پنّا نے فلموں میں کام کرنے کے ساتھ نجی اور سرکاری تقاریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے بڑا نام پایا۔ اس کی پہلی فلم غریب (1960) اور آخری فلم پائل (1970) تھی۔ ایک دہایئ کے دوران پنّا نے پچاس سے زائد فلموں کے لیے مجرے کیے۔

فلم عزّت سے اپنا فلمی کیریئر شروع کرنے والی رقاصہ چھم چھم کو ساٹھ کے عشرہ میں مقبولیت ملی تھی اور اس رقاصہ نے سو سے زائد فلموں میں کام کیا تھا۔ فلم نائلہ (1965) میں مالا کا یہ خوب صورت گیت، کوئی پیار کا فسانہ گوری پیا کو سناؤ۔۔۔۔ چھم چھم پر فلمایا گیا تھا۔

اس زمانے کی دوسری مقبول رقاصاؤں میں اداکارہ فریدہ، ڈانسر نگو، مینا چوہدری بھی شامل ہیں جنھیں مجرا گیتوں میں بہت پسند کیا گیا۔ ان میں مینا چوہدری پر سب سے ہٹ گیت کس نے توڑا ہے دل حضور کا۔۔۔۔ فلمایا گیا تھا جسے گلوکارہ مالا نے گایا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں