واشنگٹن : امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد ٹھگ ڈاکٹر نے فراڈ کر کے اپنے ہی پاکستانیوں سے کروڑوں روپے بٹور لیے ہیں اور پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں اس لیے نیب کارروائی کرے۔
یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب امریکہ میں پاکستان کی جانب سے متعین سفیر جلیل عباس جیلانی نے چیئرمین نیب کو خط لکھا، اپنے خط میں انہوں نے پاکستانی ڈاکٹر شوکت علی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ڈاکٹر نے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر 80 کروڑ روپے کا فراڈ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شوکت علی بنگش نامی ڈاکٹر نے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹرزکو قائداعظم اسپتال راولپنڈی اورگلوبل ہیلتھ سروسز کے نام سرمایہ کاری کے لیے کروڑوں روپے بٹور لیے ہیں اور اب متاثرین کو رقم واپس کرنے سے انکاری ہیں۔
پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے مذید کہا کہ ڈاکٹر شوکت علی بنگش کے فراڈ کے باعث امریکہ میں پاکستان کا وقار مجروح ہورہا ہے اس لیے چئیرمین نیب پاکستانی نژاد ڈاکٹر شوکت بنگش کے خلاف فوری کارروائی کریں۔
ذرائع کے مطابق خط موصول ہونے کے بعدنیب نے ڈاکٹر شوکت بنگش کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے جب کہ ملک بھر سے بھی ڈاکٹر شوکت بنگش کے متاثرہ افراد سے نیب نے 15 روز میں کلیم طلب کرکے ڈاکٹر شوکت علی بنگش کے خلاف انکوائری مکمل کرلی ہے۔