اوٹاوا: پاکستانی نژاد کینیڈین خاتون سبرینہ رحمٰن کو کینیڈا کے بہترین ماہر تعلیم کے اعزاز سے نوازا گیا۔ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے انہیں ایوارڈ دیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔
سبرینہ کو 2017 پرائم منسٹرز ایوارڈ فار ایکسلینس ان ایجوکیشن سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ سبرینہ سمیت 5 افراد کو دیا گیا جو تعلیم کے شعبے میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
تقریب میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور گورنر جنرل ڈیوڈ جانسٹن نے بھی شرکت کی۔
سبرینہ رحمٰن اوٹاوا میں لٹل اسکول مونٹیسوری کی سربراہ ہیں۔ وہ انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرچکی ہیں۔
Meet Sabrina Rehman, a #PMAwards winner who brings #Innovation and #STEM into her classroom: https://t.co/V2khllzWgS pic.twitter.com/q1itq7p1jp
— CanadianPM (@CanadianPM) May 20, 2017
انہوں نے بچوں کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کو نئے اور منفرد انداز سے پیش کیا جس سے وہ بچوں کے لیے نہایت دلچسپ بن گیا۔
سبرینہ نے بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے کئی پروگرامز بھی متعارف کروائے جن میں حصہ لے کر بچوں کی ذہنی استعداد، کارکردگی اور صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
سبرینہ اپنے اسکول میں زیر تعلیم بچوں کے خاندانوں اور کمیونٹیز کو بھی ان کے تدریسی عمل سے منسلک کرتی ہیں تاکہ بچے کی تربیت بہترین خطوط پر کی جاسکے اور اس میں والدین، خاندان اور اساتذہ اپنا کردارا دا کریں۔
مزید پڑھیں: کینیڈا کی ملالہ یوسف زئی کو اعزازی شہریت
ان کے بنائے ہوئے اسکول سسٹم میں بچوں کو اشاروں کی زبان بھی سکھائی جاتی ہے تاکہ وہ اس زبان سے آشنا ہوجائیں اور معاشرے میں موجود معذور افراد کی حوصلہ افزائی کا سبب بن سکیں۔
ایوارڈ ملنے کے بعد سبرینہ نے اسے اپنی اور بچوں کے والدین کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔