راولپنڈی: آسٹریلیا اور پاکستان پہلے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہیں، جہاں شاہین شاہ آفریدی اور آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کے درمیان دلچسپ نوک جھونک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز جاری ہے، کینگروز بیٹرز نے اپنی ٹیم کو 156 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، ڈیوڈ وارنر 68 اور عثمان خواجہ 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی اننگز کے دوران شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان ہونے والے دلچسپ نوک جھونک سوشل میڈیا کی زینت بن چکی ہے، ہوا کچھ یوں کہ شاہین شاہ آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی، جس پر ڈیوڈ وارنر نے انہیں اشارے میں کہا کہ گیند لائن سے باہر ہے، جس پر شاہین شاہ نے بھی اثبات میں سر ہلایا۔
بعد ازاں پاکستان کی جانب سے ریویو بھی نہیں لیاگیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اشاروں کی زبان نے سوشل میڈیا صارفین کو تفریح کا موقع فراہم کردیا ہے اور شائقین اپنے اپنے انداز میں دلچسپ تبصرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل نسیم شاہ نے ڈیوڈ وارنر کو ‘باؤنسر’ کرائی جو ان کے کندھے پر جالگی تاہم پاکستانی فاسٹ بولر نے اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا اور فوری طور پر آسٹریلوی بیٹر کے پاس پہنچے اور ان کی خیریت دریافت کی، جس پر ڈیوڈ وارنر نے انہیں تھپکی دیتے ہوئے کہا کہ سب ٹھیک ہے۔