ہفتہ, اپریل 12, 2025
اشتہار

ون ڈے سیریز، آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: آسٹریلیا نے پاکستان کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کردیا، حارث سہیل کی 130 رنز کی اننگز بھی پاکستان کو پانچویں ون ڈے میچ میں شکست سے نہ بچاسکی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچویں ون ڈے میچ میں بھی 20 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا، 328 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز ہی بناسکی، جیسن بینڈروف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی پہلی وکٹ ایک رن پر گری جب چوتھے ون ڈے میچ میں سینچری بنانے والے عابد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، شان مسعود نے 54 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی انہیں زمپا نے آؤٹ کیا۔

حارث سہیل نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد رضوان 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عمر اکمل 43 رنز بنا کر لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، سعد علی 4 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

قائم مقام کپتان عماد وسیم نے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یاسر شاہ 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کے جیسن بینڈروف نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیون، رچرڈسن، ایڈم زمپا اور میکسویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے پانچویں ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 328 رنز کا ہدف دیا، گلین میکسویل نے برق رفتار نصف سنچری اسکور کی۔

آسٹریلوی اوپنرز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، کینگروز کی پہلی وکٹ 134 رنز پر گری جب ایرون فنچ 53 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عثمان خواجہ نے 98 رنز بنائے۔

شان مارش 61 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر عابد علی کو کیچ دے بیٹھے، آل راؤنڈر اسٹونس 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گلین میکسویل نے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ جنید خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر کینگروز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے محمد حسنین کی جگہ محمد عباس کو شامل کیا گیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر کالٹر نیل کی جگہ جیسن بینڈروف کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا ون ڈے سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے، کینگروز کو سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں