اتوار, ستمبر 15, 2024
اشتہار

’ابرار احمد اور میرا دوسرے ٹیسٹ میچ میں اہم کردار ہوگا‘

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ابرار احمد اور میرا کردار اہم ہوگا۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کی پچ پہلے ٹیسٹ سے بہت مختلف ہے، پچ پر اسپن کم لگ رہا ہے لیکن کوشش ہوگی کہ بنگلادیش کو جلد آؤٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اچھا اسٹارٹ ملے تو بڑے رنز کرنے کی کوشش کرتا ہوں، آنے والے وقتوں میں بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

- Advertisement -

سلمان علی آغا نے کہا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، گزشتہ پانچ سال انہوں نے اچھی اننگز کھیلی ہیں، وہ بڑے کھلاڑی ہیں انہیں معلوم ہے کیسے رنز کرنا ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیشی فاسٹ بولر تسکین احمد نے کہا کہ عبداللہ شفیق کی وکٹ بہت خاص تھی انہیں پلان کے تحت آؤٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال سے کھیل رہا ہوں لیکن سیکھنے کا عمل جاری ہے، پاکستان نے پارٹنر شپ بنائی لیکن ہمارے بولرز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، بنگلا دیش نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 10 رنز بنالیے ہیں، مہمان ٹیم کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 264 رنز درکار ہیں۔

شادمان اسلام 6 اور ذاکر حسن بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 58 اور کپتان شان مسعود 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، آغا سلمان نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

بابر اعظم 31 رنز بنا کر شکیب الحسن کو وکٹ دے بیٹھے، محمد رضوان 29 اور سعود شکیل 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر عبداللہ شفیق پہلے ہی اوور میں صفر پر چلتے بنے، خرم شہزاد 12، ابرار احمد 9 اور محمد علی 2 رنز بناسکے۔

بنگلا دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 5 وکٹیں حاصل کیں، تسکین احمد نے تین، ناہید رانا اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں