راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان جیت کی جانب گامزن ہے، انگلینڈ کی تین وکٹیں 24 رنز پر گر گئیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنالیے ہیں جبکہ انہیں پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 53 رنز درکار ہیں۔
جو روٹ 5 اور ہیری بروک ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اوپنر زیک کرولی دو رنز بنا کر نعمان علی کا نشانہ بنے، بین ڈکٹ 12 رنز بنا کر ساجد خان کو وکٹ دے بیٹھے، اولی پوپ کو بھی ایک رن پر نعمان علی نے چلتا کیا۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے دو اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل قومی ٹیم پہلی اننگز میں 344 رن بنا کر آؤٹ ہوئی، پاکستان نے پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری حاصل کی ہے۔
پاکستان نے 177 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد 344 رنز بنائے، نعمان علی اور سعود شکیل نے 88 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
سعود شکیل نے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری اسکور کی وہ 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نعمان علی نے 45 اور ساجد خان نے 48 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے چار وکٹیں حاصل کیں، شعیب بشیر تین وکٹیں حاصل کرسکے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 267 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 6 اور نعمان علی نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔