ممبئی: مقبول بھارتی ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا اولتا چشمہ‘ میں ’سونو بھیڈے‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ پلک سندھوانی نے شو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پلک سندھوانی نے چونکا دینے والے انکشافات کیے کہ کس طرح شو چھوڑنے کے فیصلے پر ان کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا۔
حال ہی میں پلک سندھوانی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں نے 8 اگست کو پروڈکشن ہاؤس کو شو چھوڑنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھا، انہوں نے کچھ وقت لینے لیا اور پھر مجھے بتایا کہ مجھے ایک آفیشل ای میل دیا جائے گا جس پر میں استعفیٰ بھیج سکوں گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔
پلک سندھوانی نے بتایا کہ انہوں نے میرا استعفیٰ منظور کرنے میں تاخیر کی اور چند ہفتوں کے بعد میں نے میڈیا میں اپنے خلاف آرٹیکلز دیکھے کہ میں نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، میں نے 5 سال پہلے ان کے معاہدے پر دستخط کیے تھے لیکن انہوں نے مجھے اس کی کاپی دینے سے انکار کیا تھا، مجھے 19 ستمبر 2024 کو ایک کاپی موصول ہوئی۔
’انہوں نے مجھے دیگر برانڈز کے ساتھ کام کرنے اور سوشل میڈیا مہم چلانے کی اجازت دی تھی لیکن جیسے ہی میں نے استعفیٰ دیا تو انہوں نے میرے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دی کہ میں نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔‘
اداکارہ نے بتایا کہ میں نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کیلیے مشاورت شروع کر دی ہے جو میرا حق بھی ہے، میں نے صحت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی وجہ سے شو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
پلک سندھوانی نے الزام عائد کیا کہ وہ نہ صرف میرا استحصال کر رہے ہیں بلکہ مجھے ذہنی طور پر ہراساں بھی کر رہے ہیں۔