یروشلم : نہتے فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے تیرہ سالہ لڑکے سمیت دو فلسطینیوں کو شہید کردیا.
نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کا سلسلہ کسی طور رکنے میں نہیں آرہا جبکہ فلسطینیوں کو اسرائیلی جارحیت اور مظالم کے خلاف احتجاج کے حق سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔
اسرائیل نے سیکورٹی کے نام پر فلسطینی مظاہرین کے خلاف غیر انسانی اقدامات شروع کررکھے ہیں، یروشلم اورمغربی کنارے میں جاری کشیدگی میں اضافہ ہوتاجارہا ہے، اسرائیلی فوجیوں نے احتجاج کرنے والے تیرہ سالہ لڑکے عبدالرحمن عبداللہ سمیت دو فلسطینیوں کو پتھر پھینکنے اور کشیدگی کو ہوا دینے کے الزام میں فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
بالا میں شہید نوجوان کے جنازے کے موقع پر آزادی کے متوالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر فلسطینیوں نے ریلی نکالی اور انصاف کے مطالبے کیساتھ فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
فلسطینیوں نے اپیل کی کہ بین الاقوامی مبصرین کو فلسطین بھیجا جائے تاکہ اسرائیلی مظالم دنیا پرآشکارہوں اور فلسطینیوں کو تحفظ حاصل ہو، ہلال احمر کی رپورٹ کے مطابق حالیہ اسرائیلی مظالم میں ایک سو ستر فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں.