یروشلم : حق واپسی کے تحت احتجاجی مارچ کرنے والے نہتے فلسطینی مظاہرین نے آنسو گیس کی شیلنگ کرنے والا اسرائیلی ڈرون پکڑ کر ناکارہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق حق واپسی کے لیے گذشتہ کئی ماہ سے ہر جمعے مسلسل پر امن احتجاج کرنے والے فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے غاصب ریاست اسرائیل کی فورسز مختلف طریقوں سے ظلم و بربریت کا نشانہ بنارہے ہیں۔
پریس ٹی وی کا کہنا ہے کہ صیہونی فورسز کی جانب سے غزہ کی پٹی پر مظاہرہ کرنے والے نتہے فلسطینی شہریوں پر براہ راست فائرنگ اور روایتی طریقوں سے آنسو گیس کی شیلنگ کے علاوہ ڈرون کے ذریعے زہریلی آنسو گیس کی شیلنگ جارہی ہے۔
دنیا بھر کی مظلوم قوموں کے مزاحمت کی مثال بننے جذبہ آزادی سے شرشار فلسطینی نوجوانوں نے آنسو گیس کی شیلنگ کرنے والے اسرائیلی ڈرون کو پرندوں کا شکار کرنے والے جال کی مدد سے پکڑ کر ناکارہ بنا دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فلسطینی مظاہرین کی جانب سے پرندوں کا شکار کرنے والے جال کے ذریعے ڈرون کو پکڑنے کا کارنامہ الگ اپنی نوعیت کا انوکھا کارنامہ ہے۔
مزید پڑھیں : اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، درجنوں زخمی
یاد رہے کہ حق واپسی کے لیے صدائے احتجاج بلند کرنے والے فلسطینیوں پر براہ راست اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک 17 سالہ فلسطینی نوجوان شہید جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے تھے، جو اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
خیال رہے رواں 30 مارچ سے یوم الارض کے موقع پر فلسطینی عوام کی جانب سے ’اپنے گھروں کو واپسی‘ کی شروع کی جانے والی مہم تحت مسلسل ہر جمعے اسرائلی سرحد کی جانب احتجاجی مارچ کا انعقاد کرتے ہیں، جس کو دبانے کے لیے اسرائیلی فورسز مسلسل طاقت کا استعمال کررہی ہے، جس میں 150 سے زائد فلسطینی شہری شہید جبکہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔