اسرائیل کے انتہائی محفوظ سمجھے جانے والے جیل سے 6 فلسطینی قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جیل میں قید 6 فلسطینی پیر کی علی الصبح سرنگ کے ذریعے فرار ہوئے۔
شمالی اسرائیل میں واقع جلبوع جیل کو محفوظ تصور کیا جاتا ہے جہاں سیکورٹی انتہائی سخت ہوتی ہے اور جیل توڑ کر فرار ہونا کسی کے لیے ناممکن ہوتا ہے۔
حیران کن طور پر فرار ہونے والے قیدیوں نے کمرے سے ایک سرنگ کھودی اور اس کے ذریعے جیل سے باہر نکل گئے۔
قیدیوں میں 5 کا تعلق اسلامی مزاحمتی تحریک سے اور ایک کا حکومتی پارٹی الفتح سے ہے جو جیل کے ایک ہی کمرے میں تھے۔
واقعے کے بعد اسرائیلی خفیہ ادارے، پولیس اور کھوجی کتوں کو قیدیوں کی تلاش میں بھیج کر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں اور چیک پوائنٹس پر تلاشی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
قیدیوں کی انتہائی محفوظ جیل سے فرار نے اسرائیلی پولیس اور سیکورٹی اداروں کے ہوش اڑا دیے ہیں اور اس ناقابل یقین واقعے پر وہ ششدر رہ گئے ہیں۔