مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس 88 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
فرانسس غزہ پر اسرائیل کی جنگ کے ایک کھلے عام نقاد تھے اور جنگ بندی کے لیے باقاعدہ کال کرتے تھے۔ ماہر سیاسیات اور فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے سابق مشیر زاویر ابو عید کا کہنا ہے کہ فرانسس کی موت سے فلسطینیوں نے ایک عزیز دوست کھو دیا ہے جسے وہ اپنے حق خودارادیت کا ایک کٹر محافظ قرار دیتے ہیں۔
اتوار کو ایسٹر کے موقع پر فرانسس کے آخری عوامی ریمارکس کے دوران پوپ نے کہا کہ "غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ موت اور تباہی کو جنم دے رہی ہے اور ایک ہولناک اور شرمناک انسانی صورت حال کو جنم دے رہی ہے۔
انہوں نے جنگ بندی اور امداد کے لیے غزہ میں داخلے کی اجازت دینے پر زور دیا۔ اسرائیل نے 2 مارچ سے تمام امداد کا داخلہ بند کر رکھا ہے۔
جنوری میں، فرانسس نے اسرائیل کی فوجی مہم کی مذمت کرتے ہوئے انسانی بحران کو "انتہائی سنگین اور شرمناک” قرار دیا۔ پوپ نے ایک خطاب میں کہا کہ ’’ہم کسی بھی طرح شہریوں پر بمباری کو قبول نہیں کر سکتے۔
نومبر میں پوپ نے مشورہ دیا کہ عالمی برادری کو اس بات کا مطالعہ کرنا چاہیے کہ آیا غزہ میں اسرائیل کی فوجی مہم فلسطینی عوام کی نسل کشی ہے۔ عالمی عدالت انصاف اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے مقدمے کی سماعت کر رہی ہے۔ پوپ کو اکثر اسرائیلی رہنماؤں نے تنقید کا نشانہ بنایا بشمول وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو، جنہوں نے پوپ کے تبصروں کو "شرمناک” قرار دیا۔
ستمبر میں، فرانسس نے غزہ میں اسرائیلی فوجی حملوں میں فلسطینی بچوں کی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے، حماس کے جنگجوؤں کے حملے کے "قیاس” پر اسکولوں پر بمباری کو "بدصورت” قرار دیا۔
پوپ فرانسس کون تھے؟
وہ مارچ 2013 میں پوپ منتخب ہوئے تھے، پوپ فرانسس امریکا سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ تھے، انہوں نے کیتھولک چرچ میں کئی اصلاحات متعارف کروائیں۔
پوپ کا نام جارج ماریو برگوگلیو تھا، وہ 17 دسمبر 1936 میں ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں پیدا ہوئے، 1992 میں انھیں بیونس آئرس کا معاون بشپ مقرر کیا گیا تھا بعد میں وہ آرچ بشپ بنا دیے گئے۔
2001 میں پوپ جان پال دوئم نے انھیں کارڈینل مقرر کیا، انھوں نے چرچ کی سول سروس کیوریا میں متعدد عہدے سنبھالے تھے۔