پالی کیلے : سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے شاندار فائٹ بیک کر کے آسٹریلیا کے فتح کی جانب بڑھتے قدم روک دیئے۔
تفصیلات کے مطابق پالی کیلے ٹیسٹ میں کوشل مینڈس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کی آسٹریلیا کےخلاف پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔
پالی کیلے میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے دوسری نامکمل اننگز چھ رنز ایک کھلاڑی آوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
کوشل سیلوا سات اور کپتان انجیلو میتھیوز نو رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ جس کے بعد کوشل مینڈس نے چندی مل کے ساتھ مل کر اسکور آگے بڑھایا۔
نوجوان بیٹسمین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سینچری اسکور کی۔ مینڈس آسٹریلیا کے خلاف سینچری اسکور کرنے والے سب سے نوجوان سری لنکن کھلاڑی ہیں۔
تیسرے روز کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم نے چھ وکٹوں پر دو سو بیاسی رنز بنائے ہیں اور اسے آسٹریلیا پر ایک سو چھیانوے رنز کی برتری حاصل ہے۔ کوشل مینڈس ایک سو انہتر رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔