کراچی : پی آئی اے کے ہوا بازوں کی نمائندہ تنظیم پالپا کے انتخابات کے تمام مراحل کامیابی سے مکمل ہوگئے، منتخب ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئرلائنز پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کے انتخابات برائے2022 تا 2024میں تمام عہدیدار اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔
ابتدائی انتخابی نتائج کے مطابق کیپٹن سلیمان ریاض صدر اور کیپٹن مقصود بجارانی بطور نائب صدر دوسری بار منتخب ہوئے ہیں۔
کیپٹن عمران ناریجو مسلسل دوسری بار جنرل سیکرٹری اورمجموعی طورپر5 ویں بار منتخب جبکہ کیپٹن حسیب دوسری بارخازن منتخب ہوئے۔
اس کے علاوہ جوائنٹ سیکرٹری کی تین نشستوں پر امیدوار بھی بلامقابہ منتخب ہوئے، نتائج کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے فعال پائلٹس کی پانچ نشستوں سمیت دو ریٹائر پائلٹس بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منتخب ہونے والے تمام عہدیداروں اورایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے، حلف ۔برداری کی تقریب پاکستان پائلٹس ایسوسی ایشن ہاؤس میں منعقد ہوئی۔