اسلام آباد : پالپا اور حکومت کے درمیان 5 گھنٹے طویل مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم ہو گیا۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ایئر لائنز پائلٹس ایسوسی ایشن کے صدر عامر ہاشمی نے کہا کہ مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا۔
مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم نے تحفظات دور کرنے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ ایگریمنٹ پر بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین پائلٹس کے لائسنس منسوخ کردئیے گئے،عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ اخبارات میں پائلٹس کی تصاویر ایسے شائع کی جارہی ہے جیسے وہ مجرم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سے پائلٹس کی ٹریننگ کا مطالبہ کیا جو پورا نہ ہوا، ایک پائلٹ سے دگنا کام لیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مطالبات نہ مانے گئے تو کل آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن شیر علی خان کا کہنا تھا کہ ابھی تک پالپا سے مذاکرات اچھے اور کامیاب رہے ہیں۔
پالپا نے ہمارے مؤقف کو سمجھا ہے، کل مذاکرات میں بریک تھرو کا امکان ہے۔ شیرعلی خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے۔