جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

پالپا نے غیرمشروط طورپر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان ائرلائنز پائلٹ ایسوسی ایشن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبیٹ سیکریٹیریٹ کی درخواست پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں چیرمین پی آئی اے ناصر جعفر، سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن محمد علی گردیزی اور ڈی جی سول ایوی ایشن امجد علی طور سمیت پالپا کے نمائندے شریک ہوئے۔

کمیٹی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے شہری ہوابازی شجاعت عظیم کے اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران پالپا کے صدر کیپٹن عامر ہاشمی نے کمیٹی کو ایسوسی ایشن کے مطالبات سے آگاہ کیا۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ پالپا کے تمام مطالبات قواعدوضوابط کے مطابق ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی پائلٹ کی وجہ سے نہ تو کوئی فلائٹ ملتوی ہوئی اور نہ ہی عام مسافر کو پریشانی ہوئی ۔ پالپا ہر تعاون اور مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم حکومت معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔

کمیٹی نے حکومتی رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پالپا اور پی آئی اے کی لڑائی میں سارا نقصان عوام کا ہورہا ہے جبکہ فائدہ نجی ائرلائنز اٹھا رہی ہیں۔

حکومت ایکشن لیتے ہوئے لوٹ مار کرنے والی ائرلائنز کے فلائٹ آپریشنز اور لائسنس کینسل کرے۔ کمیٹی نے پالپا سے درکواست کی کہ وہ وسیع تر قومی مفاد میں غیرمشروط طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرے۔

پارلیمنٹ اور پارلیمنٹیرینز ان کے جائز مطالبا ت تسلیم کرنے کے لیے بطور ضامن اپنا کردار ادا کریں گے جس پر پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔

کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ سیکریٹری سول ایوسی ایشن کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی پالپا اور حکومت کے مابین مذاکرات کا انعقاد کرے اور جمعہ کے روز تک رپورٹ کمیٹی کو جمع کرائے گی۔

اس موقع پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ پالپا نے ہڑتال دو روز کے لئے موخر کی ہے خود کو پارلیمنٹ اور کمیٹی پر چھوڑا ہے۔ امید ہے کمیٹی ان کے مطالبات کی تکمیل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں