اسلام آباد : نواز لیگ کے مرکزی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ جےآئی ٹی خود کہہ رہی ہے کہ اس کی رپورٹ نامکمل ہے، رپورٹ کی جلد نمبر دس کوخفیہ رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ رپورٹ کھوکھلی ہے، جےآئی ٹی سے زیادہ بہترتفتیش تو نیا بھرتی تفتیشی افسر کرلے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ سورس رپورٹ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، اس کیلئےغیر تصدیق شدہ دستاویزات حاصل کی گئیں، یہ تاثر دیا گیا کہ رپورٹ بروقت مکمل ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نامکمل رپورٹ جس کا 85 فیصد حصہ ہی خالی ہے، غیرتصدیق شدہ دستاویزات حاصل کرکے اس کو ثبوت قراردیا جارہا ہے، جےآئی ٹی رپورٹ میں غیرمصدقہ ذرائع کا سہارا لیا گیا، یو اے ای والا خط اگر جعلی ہےتو وہ اخبارات کی زینت کیسے بناہواہے؟
دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں لکھا ہے کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے ویسا بھی ہوسکتاہے، کیا یہ ان کی تفتیش ہے؟ جے آئی ٹی میں قطری شہزادے کے بیان کو آن گوئنگ نہیں لکھا اگر کسی اور کا مسئلہ ہو تو گھر جا کربیان لے لیاجاتا ہے اوروڈیو لنک بھی ہوجاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کا بیٹا ہو تو سوال نامہ جاتا ہے، کوئی اور مسئلہ ہو تو گھر سب جیل بن جاتی ہے، مگرجے آئی ٹی نے صاف صاف عمران خان کا بیان سامنے رکھ دیا۔
جےآئی ٹی سے زیادہ بہترتفتیش تونیا بھرتی تفتیشی افسر کرلے گا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ غلط بیانی جے آئی ٹی نے کی ہے، سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لیناچاہئیے، جے آئی ٹی نے قوم کا پیسہ تباہ کردیا ہے۔