اتوار, مارچ 16, 2025
اشتہار

پچھلے دروازے سے سیاست میں آنے کا وقت گیا، دانیال عزیز

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ پچھلے دروازے سے سیاست میں داخل ہونے کا وقت چلا گیا،عمران خان اب بھاگنا نہیں بہادری کا مظاہرہ کرنا، قوم کو ان کی اصلی شکل پتہ چلنی چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین احتساب کمیشن نے چوری کے ثبوت نکال لئے تھے، چوری اورکرپشن میں تحریک انصاف کے لوگ ملوث تھے، پی ٹی آئی کوپتہ چلا تو راتوں رات قانون ہی تبدیل کردیا گیا، بدعنوانی کے انکشافات پر احتساب کمیشن کاچیئرمین فارغ کردیا گیا، وہ کونسے مقدمات تھے جس پر احتساب کمیشن کو تالا لگا دیا گیا، جس چیز کو یہ ثبوت کہتے ہیں وہ ثبوت نہیں ہے۔

دانیال عزیز نے کہا کہ حامد خان نے لسی بنانے کی ترکیب والا پورا والیم واپس لے لیا، عدالت نے کمیشن بنانے کی بات کی تو ان لوگوں نے انکار کردیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ آخری کمیشن بنانے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے، پچھلے دروازے سے سیاست میں داخل ہونے کاوقت چلا گیا، عمران خان اب بھاگنا نہیں بہادری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا، قوم کو ان کی اصلی شکل پتہ چلنی چاہئے۔

رہنما مسلم لیگ(ن) کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جہانگیرترین اپنے جرم کا اعتراف کرچکے ہیں، دونوں نے کالا دھن سفید کرایا، بڑے پاک صاف بن رہے ہیں، جو پیسے جمائمہ کو دیئے گئے اس کی منی ٹریل کہاں ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ سنا ہے اپوزیشن کہہ رہی ہے حکومتی رکن کو وزیر بنائیں، ان کو سمجھ نہیں آرہی ہے کرنا اور کہنا کیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں