بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے والا ہے،نعیم الحق

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ  اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے والا ہے، فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کے بچے کس طرح ارب پتی ہوئے، کہانی سامنے آئے گی، جبکہ اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو وزیراعظم کہتے ہوئے مجھے شرم آتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی سماعت میں وقفے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے کرائے کے ٹٹو کو عمران خان کے خلاف استعمال کیا، ن لیگ اس کے مشروبات سمیت تمام اخراجات برداشت کررہی ہے، الیکشن کمیشن میں جھوٹا کیس دائر کرنے پر اس شخص کو پارٹی سے نکالا گیا تھا۔

نعیم الحق نے کہا کہ اب دودھ کادودھ اور پانی کا پانی ہونے والا ہے، اب یہ ہمیشہ کے لئے نااہل ہوجائیں گے اور قوم کی جان چھوٹ جائے گی، آج کے اخبارات دو بھائیوں کی تصاویر سے بھرے پڑے ہیں، یہ دونوں بھائی اشتہارات دیکر خود کو مبارکباد دے رہے ہیں، یہ بھائی عوام کے پیسے سے اپنے اشتہارات چھپوا رہے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)اورشریف فیملی نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

وزیراعظم کے بچے کس طرح ارب پتی ہوئے،کہانی سامنے آئے گی، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے دلائل مکمل کرلئے ہیں، اب کیس کا اہم حصہ شروع ہونے والا ہے، نوازشریف کے بچوں کے وکیل منی ٹریل بتائیں گے، منی ٹریل وزیراعظم کے بچوں کے وکیل کو فراہم کرنی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آئی سی آئی جے نے برٹش ورجن آئی لینڈکوایک خط لکھا ہے، مریم نوازشریف ان کمپنیوں کی بینیفیشل مالک ہیں، عدالت کے سامنے ہرچیز کھل کر سامنے آگئی ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے بچے کس طرح ارب پتی ہوئے، کہانی سامنے آئے گی، والد اور بچے کس طرح ارب پتی ہوئے، نوازشریف کو نہیں علم، پرائزبانڈ رفیق نے سپریم کورٹ کے بینچ کو دھمکی دی ہے، دانیال عزیز جھوٹوں کی ٹیم کے اوپنر ہیں۔

نوازشریف کو وزیراعظم کہتے ہوئے مجھے شرم آتی ہے، اعجازچوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجازچوہدری نے کہا کہ شہبازشریف کا بیٹا کہتا ہے 2007میں جائیداد کی تقسیم ہوئی تھی، ن لیگ والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، یہ اندر سے ہار چکے ہیں۔

اعجازچوہدری نے کہا کہ نوازشریف کو وزیراعظم کہتے ہوئے مجھے شرم آتی ہے، خواجہ سعد رفیق بزدلوں کا سردار ہے، رانا ثنا اللہ کوسپریم کورٹ سے متعلق جملے کی وضاحت کرنی چاہئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں