اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے دائر چار درخواستوں کی سماعت کے لیے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا،بینچ آئندہ ہفتے درخواستوں پر سماعت کا آغازکرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کے معاملے پر قانونی جنگ کا آغاز ہو گیا ہے، سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کے معاملے پر تحریک انصاف اور جماعت اسلامی سمیت تمام درخواست گزاروں کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کر لی ہیں۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس انور ظہیر جما لی نے درخواستوں کی سماعت کے لیے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔ مذکورہ بینچ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی، جسٹس خلجی عارف حسین اور جسٹس اعجاز الحسن پرمشتمل ہے۔
بینچ آئندہ ہفتے پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں پر سماعت کا آغازکرے گا، سماعت کے لیے 20 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔