جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

بھائی کی پسند کی شادی کی سزا، معصوم بہن کو پنچائت کے حکم پر زبردستی ونی کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

بہاولنگر: بھائی کی پسند کی شادی کی سزا بہن کو دے ڈالی،،  تیرہ سالہ بچی کو پنچائیت کے حکم پر  زبردستی ونی کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بہاول نگر کے نواحی علاقے بستی ہمدیرا میں ہوا کی ایک اور بیٹی ظلم کی بھینٹ چڑھ گئی، برادری کی نام نہاد پنچایت کے فیصلے نے دور جہالت کی یاد تازہ کردی۔

بھائی کی پسند کی شادی پر  پنچائیت نے 13 سالہ گلشن نامی بہن  کو زبردستی ونی کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔

ونی کی جانے والی لڑکی کے بھائی ظفر علی اور ملزم اسلم کی بیٹی نادرہ نے گذشتہ ماہ لو میرج کی، ملزم اسلم اور اس کے دیگر ساتھی ملزمان نے بدلہ لینے کے لئے اس کی 13 سالہ بہن گلشن کو زبردستی اٹھایا اور اپنی عدالت لگاتے ہوئے پنچایت بنا کر لڑکی کو بھائی کے کئے کی سزا سناتے ہوئے زبردستی ونی کردیا۔

ملزمان نے گن پوائنٹ پر 13 سالہ گلشن کی ملزم شہزاد اسلم سے شادی کرادی اور اپنے گھر لے گئے، ملزمان مسلسل کئی روز لڑکی کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے، لڑکی موقع پاکر اپنے والدین کے گھر واپس آگئی۔

متاثرہ لڑکی کے والد کی انصاف و تحفظ کے لئے پولیس کو درخواست دی، جس پر ڈی پی او عمارہ اطہر کے حکم پر تھانہ ڈونگہ بونگہ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔

ایف آئی آر متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں نکاح خواں سمیت 20 سے زائد ملزمان کے خلاف درج کی گئی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں