کوئٹہ: بلوچستان کے شہر پنجگور کے پہاڑی علاقے سے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔
ترجمان ایف سی کے مطابق گچک کے پہاڑی سلسلے میں حساس ادارے کی معاونت سے کارروائی کی گئی۔ ٹارگٹڈ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے اسلحہ کا ذخیرہ برآمد ہوا۔
ترجمان ایف سی کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ اسلحے میں 3 ایس ایم جیز، 1 آر پی جی سیون، 6 راکٹس اور 3 فیوز شامل ہیں۔
اس سے چند روز قبل بلوچستان ہی کے ضلع سبی میں ایف سی اور حساس ادارے نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی۔ کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کی 3 کمین گاہیں مسمار کردی گئیں۔
دہشت گردوں کے قبضے سے راکٹ لانچر، دیسی ساختہ بم، بارودی سرنگیں اور بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔