پورا سال دستیاب ہونے والا پھل پپیتا ویسے تو ہاضمے کیلیے بے حد مفید اور مشہور ہے لیکن یہ بات بھی درست ہے کہ خاص مخصوص حالات میں اس پھل کو کھانے سے گریز کرنا چاہیے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ کن کن لوگوں کی صحت کیلیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اس کیلیے زیر نظر مضمون میں ماہرین صحت کی ان ہی ہدایات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔
پیلے رنگ کے اس میٹھے پپیتے میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ یہ وٹامن اے، سی، ای، فولیٹ، میگنیشیم، پوٹاشیم، کاپر اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو ہمارے جسم کے لیے اچھا ہے۔
لیکن کیا شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد پپیتا کھا سکتے ہیں، ایسی صورتحال میں طبی ماہرین کی کیا رائے ہے؟ جانیے !!
ماہرین کا کہنا ہے کہ شوگر کے مرض میں مبتلا افراد پپیتا کھا سکتے ہیں تاہم اس کیلیے کچھ خاص قسم کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
پپیتے میں گلیسیمک انڈیکس درمیانے درجے کا ہوتا ہے اور اسے کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح زیادہ گلیسیمک پھلوں کے مقابلے میں جلدی نہیں بڑھتی۔
مزید برآں پپیتے میں موجود فلیوونائڈز انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتے ہیں اور خون میں شکر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
پپیتا نہ صرف ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بلکہ ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کے لیے بھی اچھا مانا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پپیتا پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے جو جسم سے اضافی سوڈیم کو نکال کر ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
لیکن ساتھ ہی مریضوں کو یہ مشورہ بھی دیا جاتا ہے کہ اسے زیادہ نہ کھائیں کیونکہ ممکن ہے کہ اس سے صحت پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کو پپیتا کھانے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے لازمی مشورہ کرلینا چاہیے۔
پپیتے کے دیگر زبردست فوائد
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ پپیتا کھانے سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔ اس میں موجود پاپین اینزائم ہاضمے کے مسائل سے نمٹنے میں موثر سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پپیتا اینٹی آکسیڈنٹ لائکوپین اور وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ دل کی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
پپیتا روزانہ کھانے سے دل کی بیماری کا خطرہ کم ہوسکتا ہے اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس میں موجود فائبر کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں بہت فائدہ مند ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پھل میں موجود طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ لائکوپین بعض اقسام کے کینسر سے بچا سکتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ پپیتے کے استعمال سے جسم کو وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس وافر مقدار میں ملتے ہیں جس کے نتیجے میں جسم کی قوت مدافعت بڑھ جاتی ہے۔
پپیتے میں فائبر اور پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، کہا جاتا ہے کہ پپیتے کو خالی پیٹ کھانے سے جسم میں جمع ہونے والی نجاست کو آسانی سے دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔