لاہور : قومی احتساب بیورو لاہور نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو طلب کرلیا، دونوں افراد کو پیراگون سٹی کیس میں طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ان کے بھائی اور سابق صوبائی وزیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کو نیب لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا ہے۔
قومی احتساب بیورو نے دونوں بھائیوں کو15اگست کو خود پیش ہونے کا حکم جاری کردیا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکم نامے میں دونوں شخصیات کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے ساتھ پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ لے کرآئیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سعد رفیق اور ان کے بھائی مشیر صحت سلمان رفیق محکمہ صحت میں ہونے والی کرپشن سے متعلق نیب میں پیشی بھگت چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب کمپنیز اسکینڈل، نیب نے شہباز شریف کو پھر طلب کرلیا
واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں قومی احتساب بیورو نے ایک بار پھر طلب کر لیا، شہباز شریف کو بیس اگست کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔