بے روزگاری اور بھوک سے تنگ والدین نے پہلے اپنے دو بچوں کو قتل کیا اور پھر اپنی بھی زندگیوں کا خاتمہ کر لیا۔
یہ افسوسناک واقعہ بھارتی شہر حیدرآباد میں پیش آیا جہاں ماں باپ اپنے بچوں کو بھوک سے بلکتا نہ دیکھ سکے تو پہلے انہیں قتل کیا اور پھر اپنی زندگیوں کا بھی خاتمہ کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد کے علاقے سکندر آباد حبشی گوڑہ میں 40 سالہ چندر شیکھر ریدی اور اس کی بیوی کویتا نے بیروزگاری اور غربت سے تنگ آ کر خاندان سمیت زندگی سے چھٹکارا حاصل کر لیا۔
میاں بیوی نے پہلے اپنے بچوں 15 سالہ شریتا اور 10 سالہ وشونت کو زہر دے کر مارا۔ جب انہیں اپنے بچوں کی موت کا یقین ہوگیا تو پھر وہ دونوں خود پھندے سے جھول گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چندر شیکھر نجی کالج میں لیکچرار تھا۔ تاہم چھ ماہ قبل اس کی ملازمت ختم ہوگئی تھی اور مسلسل بے روزگاری کے باعث گھروں میں فاقوں نے ڈیرے ڈال لیے تھے۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کیا اور واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ حیدرآباد دکن میں ہی رونما ہوا تھا جس میں والدین نے بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی تھی۔