ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور عام آدمی پارٹی کے رہنما راگھو چڈھا شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے ریاست راجستھان کے شہر ادے پور میں شادی کی جہاں مخصوص مہمانوں کو شرکت کیلیے مدعو کیا گیا تھا۔
تقریب میں رازداری کا خاص اہتمام کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کوئی بھی مہمان جوڑے کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل نہ کر دے۔
شادی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے شرکت کی جبکہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو بھی دیکھا گیا۔
راگھو چڈھا دلہنیا کو لے جانے کیلیے تاج جھیل پیلس سے لیلا پیلس تک کشتیوں پر سوار ہو کر بارات لائے۔ جوڑے نے ہندو رسم و رواج کے مطابق پھیرے لیے۔
شادی کی تقریبات پچھلے کچھ دنوں سے جاری تھیں جہاں دونوں خاندانوں کو خوف لطف اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا۔ گزشتہ روز محفلِ موسیقی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں 90 کی دہائی کے گانے چلائے گئے۔
مہمانوں کو تفریحی ماحول فراہم کرنے کیلیے ڈی جے کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ علاوہ ازیں پرینیتی چوپڑا نے گانا گنگنار کر مہمانوں پر سحر طاری کیا۔
ماضی قرب میں پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کو متعدد بار ریسٹورنٹس میں ایک ساتھ کھانا کھاتے اور وقت گزارتے ہوئے دیکھا گیا لیکن انہوں نے میڈیا کے سامنے کبھی معاشقے کا اعتراف نہیں کیا تھا۔ دونوں نے رواں سال اپریل میں منگنی کی اور اب شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔