بھارتی سیاستدان سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی معروف بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنی کامیاب شادی کا راز بتاتے ہوئے جوڑوں کو مشورہ دیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک انٹرویو میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ میرے شوہر راگھو چڈھا بالی ووڈ کے بارے میں کچھ نہیں جانتے یہی میری کامیاب شادی کا راز ہے۔ مجھے بھی سیاست کے بارے میں کچھ نہیں پتا اور شادی میں کبھی اس میدان میں قدم نہ رکھوں۔
اداکارہ نے کہا کہ جب آپ شادی کے لیے کسی درست انسان کا انتخاب کرتے ہیں تو وہ شادی کامیاب بھی ہوتی ہے اور شادی شدہ زندگی بھی بہترین رہتی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ مجھے اور راگھو کو اندازہ نہیں تھا کہ ہماری شادی پر پورے بھارت سے مداح اس قدر پیار اور محبت سے نوازیں گے۔
پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ نجی اور پیشہ ورانہ زندگی میں توازن برقرار رکھنا بہت ضروری ہے، میں بھی سخت محنت کرنے پر یقین رکھتی ہوں لیکن مجھے دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ وقت گُزارنا بھی اچھا لگتا ہے،
انھوں نے کہا کہ میں زندگی کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہوں تاکہ 85 یا 90 کی عمر میں پیچھے مُڑ کر دیکھوں تو اپنی زندگی کے حسین لمحوں کو یاد کرسکوں۔
اس سال 24 ستمبر کو پرینیتی چوپڑا نے عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے بھارتی سیاست دان راگھو چڈھا کے ساتھ اودے پور میں شاہانہ شادی کی تھی جبکہ انھوں نے مہمانوں سے تحائف بھی نہیں لیے تھے۔