پیرس اولمپکس جہاں اپنے کھیلوں کے باعث دنیا بھر میں توجہ کی مرکز ہے وہیں اپنے آغاز سے غلطیوں پر غلطیوں نے بھی اسے شہ سرخیوں کی زینت بنا دیا ہے۔
پیرس اولمپکس میں غلطیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل ہوگئی ہے اور تیسری غلطی بھی گیمز کی افتتاحی تقریب میں ہی سامنے آئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اولمپک کی افتتاحی تقریب میں منتظمین نے جنوبی کوریا کے کھلاڑیوں کو غلطی سے شمالی کوریا کے کھلاڑیوں کے طور پر متعارف کرایا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی کوریائی ٹیم میدان میں اپنا جھنڈا لہرارہی تھی۔ ایسے میں فرانسیسی اور انگلینڈ کے اناؤنسروں نے انہیں ڈیموکریٹک عوامی جمہوریہ کوریا (شمالی کوریا کے سرکاری نام) کے کھلاڑیوں کے طور پر متعارف کرایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میں اولمپک کی افتتاحی تقریب میں منتظمین نے جنوبی کوریا کے کھلاڑیوں کو غلطی سے شمالی کوریا کے طور پر متعارف کرائے جانے پر معذرت نامہ جاری کیا ہے تاہم جنوبی کوریا کی وزارت کھیل کا کہنا ہے کہ اس شرمناک غلطی پر حکومتی سطح پر فرانسیسی حکومت کو سخت شکایت ریکارڈ کرائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے علاوہ پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں اولمپکس کا روایتی پرچم الٹا لہرانے اور دوسرے ملک کا قومی ترانہ بجانے جیسی غلطیاں سرزد ہوچکی ہیں۔