اسلام آباد : ارکان اسمبلی کی رہائش گاہ میں چوہوں نےڈیرہ ڈال لیا۔ چینی ماہرین بھی ناکام ہو گئے، اسلام آبا د کے عالی شان پارلیمنٹ لاجز میں ارکان اسمبلی چوہوں کی بھرمار سےعاجز آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے بعد چوہوں نے وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ لاجز کو اپنا مسکن بنا لیا، قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں خواتین ارکان چوہوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہیں۔
حکمران رکن اسمبلی عالیہ کامران نے بتایا کہ چینی ماہرین بھی چوہے بھگانے آئے تھے لیکن ناکام ہوگئے، انہوں نے وضاحت کی کہ ارکان پارلیمنٹ بھی انسان ہیں،چوہے انہیں بھی کاٹ سکتےہیں۔
رکن اسمبلی عالیہ کامران نے شکایت کی کہ پہلےتولال بیگ اورچوہے تھے، اب سانپ بھی نکلنے لگے ہیں، رکن اسمبلی کرن حیدرکا شکوہ تھا کہ چوہے ان کے کاجو اوربادام بھی چٹ کرجاتےہیں۔
، ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ چوہوں کی موجودگی سے بے حد پریشان ہیں اور انہوں نے کئی بار چوہوں کی ویڈیو تک بنانے کی کوشش کی ہے تاکہ معاملے سے ذمہ داروں کو آگاہ کیا جائے مگر چوہے ذرا سی حرکت اور شور سن کر ڈائس کے نیچے چھپ جاتے ہیں ۔
دوسری جانب سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر چوہوں کو پکڑنے کیلئے ٹریپ اور گولیاں ڈال دی ہیں او ربہت جلد چوہوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا ۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی ارکان اسمبلی پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کی موجود گی کی شکایت کرچکے ہیں، ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ پارلیمنٹ لاجز میں صفائی نہیں کرسکتی تو باقی شہر کا خدا ہی حافظ ہے۔