اسلام آباد: بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث موخر کیا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، نئے صدر مملکت عارف علوی پہلا خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث گذشتہ دنوں ہونے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کردیا گیا تھا جو کہ آج ہوگا۔
ملک کے نئے صدر ڈاکٹر عارف علوی اجلاس سے اپنا پہلا خطاب کریں گے، اجلاس میں نون لیگ دھاندلیوں کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن کے قیام کے مطالبے پر احتجاج کرے گی۔
اخراجات کی بچت، صدر اور وزیرِ اعظم ایک ہی طیارے میں اسلام آباد روانہ
اجلاس میں گورنرز، وزرائے اعلیٰ، مسلح افواج کےسربراہان اور سفارتکار سمیت اعلی شخصیات شریک ہوں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی حلف برداری کے بعد کراچی کا باقاعدہ دورہ کیا، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی تھی۔
قائد اعظم کے مزار پر حاضری کے موقع پر ان کے ہمراہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی سمیت شہر کی معزز شخصیات موجود تھیں۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورۂ کراچی ختم کر کے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہم راہ ایک ہی طیارے میں اسلام آباد روانہ ہوچکے ہیں۔