سعودی عرب میں عربی زبان بولنے والے طوطوں کی مانگ بہت زیادہ ہو گئی ہے جس کے باعث ان کی قیمت بھی حیران کن طور پر بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
طوطا ایسا پالتو جانور ہے جو انسانوں کی بولی جلد سیکھ لیتا اور پھر اس کو بولنے کا مظاہرہ کر کے سب کو حیران کر دیتا ہے۔ سعودی عرب میں بھی ایسے پالتو طوطے پائے جاتے ہیں جو روانی سے عربی بول کر دیکھنے اور سننے والوں کو حیرت زدہ کر دیتے ہیں۔
اس حوالے سے ایک غیر ملکی ویب سائٹ نے خبر شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں عربی زبان بولنے والے طوطوں کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے جس کے باعث ان کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئی ہیں اور ان کی قیمت 15 ہزار ریال سے تجاوز کر گئی ہے۔
اس حوالے سے پالتو پرندوں کے تربیتی امور کے ماہر علی الخضیر جو جانوروں کی نگہداشت پر کام کرنے والی فلاحی انجمن ’رحمہ‘ کے ممبر بھی ہیں کا کہنا ہے کہ مختلف بولیاں بولنے والے پرندوں کے مہنگے ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان پر اچھی خاصی لاگت آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے مہنگا طوطا ’ہائی سینس مکاؤ‘ ہے جسے یاقوتی مکاؤ بھی کہا جاتا ہے اس کی قیمت 90 ہزار ریال سے زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں پالتو جانوروں کے کاروبار کا حجم ساڑھے چار ارب ریال تک پہنچ گیا ہے۔